Popular Posts

Wednesday, January 23, 2013

چل انشاء اپنے گاؤں میں


  • چل انشاء اپنے گاؤں میں

    یہاں اُلجھے اُلجھے رُوپ بہت
    پر اصلی کم، بہرُوپ بہت
    اس پیڑ کے نیچے کیا رُکنا
    جہاں سایہ کم ہو، دُھوپ بہت
    چل انشاء اپنے گاؤں میں
    بیٹھیں گے سُکھ کی چھاؤں میں

    کیوں تیری آنکھ سوالی ہے؟
    یہاں ہر اِک بات نرالی ہے
    اِس دیس بسیرا مت کرنا
    یہاں مُفلس ہونا گالی ہے
    چل انشاء اپنے گاؤں میں
    بیٹھیں گے سُکھ کی چھاؤں میں

    جہاں سچے رشتے یاریوں کے
    جہاں گُھونگھٹ زیور ناریوں کے
    جہاں جھرنے کومل سُکھ والے
    جہاں ساز بجیں بن تاروں کے
    چل انشاء اپنے گاؤں میں
    بیٹھیں گے سُکھ کی چھاؤں میں ۔۔!

    ابنِ انشا !

No comments:

Post a Comment